9

ملتان ڈویژن کی سیاسی قیادت اور سیکرٹریٹ انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کی سیاسی قیادت اور سیکرٹریٹ انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقد ہوا،اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،چیف وہپ عامر ڈوگر،سینیٹر عون عباس بپی، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،احمد حسین ڈیہڑ، پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری سمیت ملتان ڈویژن کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی،جبکہ سیکرٹریٹ انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے اراکین اسمبلی کو بریفننگ دی،اس موقع پر جنوبی پنجاب کے تمام سیکرٹریز اور پولیس افسران بھی موجود تھے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت اس خطے کے عوام کو علیحدہ سیکرٹریٹ کا تحفہ ملا ہے اب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کسی صورت رول بیک نہیں کیا جاسکتا،ہماری کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی دادرسی کیلئے مضبوط سب سیکرٹریٹ قائم کیا جائے،تاکہ حقیقی معنوں میں مسائل حل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے رواں بجٹ میں مختص رقم ہر صورت جنوبی پنجاب پر خرچ کی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کیلئے الگ نوکریوں کا کوٹہ اور ترقیاتی منصوبے بھی مختص کئے گئے ہیں،شاہ محمود کا کہنا تھا کہ صوبے کے قیام تک سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات دینے کی کوشش کررہے ہیں اس ضمن میں انتظامیہ کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری سیاسی قیادت متحد ہے،چیف ویپ عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سیکرٹریٹ کا خوب شرمندہ تعبیر ہونے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،تحریک انصاف نے اس خطے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے انقلابی قدم اٹھایا ہے اب اسکو کامیاب کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ کابینہ کمیٹی جلد رولز آف بزنس سمیت تمام اختیارات کو جلد منظور کرکے سب سیکرٹریٹ کو منظم کرے گی،پہلی مرتبہ اس خطے کے 11 اضلاع کیلئے الگ بجٹ مختص کرکے عوام کو براہ راست ریلیف دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ اس خطے کی سیاحت اور کلچر کو دنیا میں متعارف کرانے کیلئے سب سیکرٹریٹ کے پلیٹ فارم سے اقدامات کئے جائیں اور صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اراکین اسمبلی کی سکیموں کو ترجیح دی جائے۔ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے سب سیکرٹریٹ کا وعدہ پورا کیا اور صوبے کے قیام کی جانب ایک اور قدم اٹھایا ہے۔اس موقع پر سینیٹر عون عباس بپی،ایم این اے احمد حسین ڈیہٹر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کچھی،ایم این اے چوہدری طاہر اقبال،واصف مظہر راں،وسیم خان بادوزئی،میاں عبداللہ طارق،قاسم لنگاہ،ملک سلیم لابر،ڈاکٹر خاور علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے اپنے محکموں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں