11

ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع میں مثالی امن کی فضا برقرار رہی،کمشنر جاوید اختر محمود

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان جاوید اختر محمود یوم عاشور کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے بھرپور سرگرم رہے،کمشنر نے علی الصبح ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور امن کمیٹی کے ارکان اور علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کیں،ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد بھی ان کے ہمراہ تھے،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کمشنر اور آر پی او کو مجالس اور جلوسوں کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی،کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور پر ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع میں مثالی امن کی فضاءبرقرار رہی،جس کا تمام تر سہرا مختلف مسالک کے علمائے کرام پر مشتمل امن کمیٹی کے سر ہے،یوم عاشور پر تمام ڈپٹی کمشنرز سکیورٹی سمیت تمام انتظامات اور روٹس کی براہ راست نگرانی کرتے رہے اور تمام مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے انتظامیہ مکمل رابطے میں رہے،جس کے باعث یوم عاشور پر مکمل پرامن ماحول میں عزاداری ہوتی رہی،جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈویژن میں مثالی امن یقینی بنانے کیلئے امن کمیٹی،تاجر برادی اور عوام کے شکر گزار ہیں،جن کے مثالی تعاون سے کسی شرپسند کو امن خراب کرنے کا موقع میسر نہیں آیا،بعد ازاں کمشنر جاوید اختر محمود اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے آر پی او ملتان سید خرم علی کے ہمراہ شہر میں امن کا جائزہ لینے کیلئے دورے کئے،کمشنر جاوید اختر محمود نے چوک حرم گیٹ،کینٹ اور دیگر جلوسوں کا معائنہ کیا اس موقع پر کمشنر ضلعی افسران اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ چوک حرم گیٹ پر کئی گھٹنے بیٹھ کر جلوسوں کو پرامن انداز میں گزارتے رہے،کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام جلوس پرامن طور پر وقت مقررہ پر اختتام پذیر ہوئے اور موثر سکیورٹی انتظامات کے باعث ڈویژن بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،کمشنر ملتان نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سول ڈیفنس کے اداروں نے انتھک کام کیا جبکہ علمائے کرام، امن کمیٹیوں کے ممبران کا مثالی تعاون حاصل رہا۔محرم الحرام کے پہلے عشرے میں فعال کردار ادا کرنے والے تمام ادارے بھی تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی قیام امن کیلئے اسی حکمت عملی سے کام لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں