5

میپکو ریجن میں ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی کیلئے ریکوری مہم شروع،رحیم یارخان اور ڈیرہ میں افسران کا نادہندگان کیخلاف آپریشن

ملتان(سٹآف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق کی ہدایت پر میپکو ریجن میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ماہانہ بلز اور سابقہ واجبات وصول کرنے کے لئے ریکوری مہم شروع کردی گئی،آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کی سربراہی میں ٹیمیں کیٹگری کے لحاظ سے فیلڈ میں لاکھوں روپے واجبات ادانہ کرنے والے ڈیفالٹرز سے وصولیوں کے لئے متحرک ہیں، سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو آپریشن سرکل رحیم یار خان اشرف علی نے رحیم یار خان شہر میں 19لاکھ89ہزار روپے واجبات کی نادہندہ فضل آئس فیکٹری کے مالک سے ملاقات کی،ملک نے رواں ماہ کے دوران 16لاکھ روپے اداکرنے کی یقین دہانی کروائی،جبکہ صادق آباد میں 18لاکھ42ہزارروپے کی نادہندہ بسم اللہ پیپر مل کا بھی دورہ کیا،پیپر مل کے مالک سے ادائیگیاں کروانے کے لئے بات شروع کردی گئی ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو کی ہدایت پر بقایاجات ادانہ کرنے والے مستقل نادہندگان کے بجلی کنکشنز پہلے ہی منقطع ہیں اور ٹرانسفارمرز اُتارکر سٹور ز میں جمع کروادئیے گئے ہیں۔ نادہندگان کے ناموں سے نصب دیگر گھریلو کنکشنز منقطع کرنے کے لئے بھی آپریشن شروع کیاگیاہے۔اس موقع پر ایکسین رحیم یار خان ڈویژن شہزاد حبیب گل، ایکسین صادق آباد ڈویژن عاصم رشید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناء سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ڈی جی خان سرکل آصف جان مروت، ایکسین ڈی جی خان ڈویژن شیراز غفور اور ڈپٹی کمرشل منیجر عبدالغفار برمانی کی سربراہی میں ریکوری ٹیموں نے رننگ اور ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات /بقایاجات وصول کرنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔ ایس ای ڈی جی خان آصف جان مروت اور ایکسین ڈی جی خان شیراز غفور نے کہا کہ سی ای او کی ہدایت پر شروع کی گئی ریکوری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کیاگیاہے۔ ماہانہ بلوں کی عد م ادائیگی پر رننگ ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کئے جارہے ہیں اور کنکشنز بلوں کی ادائیگی تک بحال نہیں کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں