17

ناقص کارکردگی پر ایس ڈی او لُڈن سب ڈویژن وہاڑی طلحہ محمود کو عہدے سے ہٹادیا،میپکو ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنیکی ہدایت

ملتان(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے ناقص کارکردگی پر ایس ڈی او لُڈن سب ڈویژن وہاڑی طلحہ محمود کو عہدے سے ہٹادیا ہے اور فوری طورپر میپکو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں آپریشنل افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے،اہداف حاصل نہ کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں و افسران کے سخت تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے،اتھارٹی کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کا حصول ہماری ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیاجائیگا،وہ میپکو وہاڑی سرکل کے دورے کے موقع پر افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی فیلڈ میں رونماہونے والے مہلک اور غیر مہلک حادثات کی شرح میں کمی کے لئے لائن سٹاف سیفٹی ایس اوپیز پر عملدرآمد کروایاجائے اور گائیڈلائنز کے مطابق ڈیوٹیاں دی جائیں۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکار اور افسران محکمانہ کاروائی کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی میں دانستہ تاخیر اور سستی پر سخت ترین انضباطی کاروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو سہولیات فراہم کرنااور ان کی شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کرنا ہماری ترجیح ہے اس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وہاڑی سرکل کے تمام ایس ڈی اوز، ایکسین اور ایس ای کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران اور مون سون بارشوں کے موسم میں بجلی کی فراہمی کے انتظامات مکمل کئے جائیں۔ جلوسوں کے روٹس کلیئر کئے جائیں اور محرم الحرام کے دوران سرکل کی سطح پر صارفین کی شکایات کے اندراج، ازالے اور بجلی فراہمی کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کیاجائے اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ رکھاجائے،اس موقع پر ایڈیشنل چیف انجینئر وہاڑی سرکل الطاف قادر، ایکسین بوریوالہ ڈویژن شاہد نذیر، ایکسین وہاڑی ڈویژن عمیر عزیز قاسم، ایکسین میلسی ڈویژن اکرم جاوید، ریونیوآفیسرز، تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں