16

ن لیگ اور ش لیگ کے بیانیے میں کھلا تضاد ہے،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے دوبارہ اکٹھا ہو رہا ہے،مگر ان کے بیانات آپس میں ہی نہیں ملتے،انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور ش لیگ کے بیانیے میں کھلا تضاد مسلم لیگ ن میں اختلافات کا واضح ثبوت ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے،رکن صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی نے کہا کہ عوام کی طرف سے مسترد کردہ پارٹیاں عوامی حقوق کی ترجمانی کا ڈھونگ رچا کے عوامی پذیرائی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو اپنے ادوار میں محرومیوں اور پسماندگی کا شکار رکھنے والے کس منہ سے جنوبی پنجاب کے دورے کرنے آ رہے ہیں اور یہاں سے اپنے لئے حمایت مانگ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام ان کے ماضی سے مکمل طور پر آگاہ و باخبر ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کو معلوم ہو چکا ہے کہ جنوبی پنجاب کو انتظامی اور مالی خود مختاری دے کر پی ٹی آئی نے ہی ان سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا ہے اور جلد ہی جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دے دیا جائے گا،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ اپنی کارکردگی کی بدولت پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں بھی مکمل کامیابی حاصل کرے گی اور ملک دشمن قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ ” خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام کے تحت سارے سرکاری محکمے عوام کی بلا امتیاز خدمت کیلئے سرگرم عمل ہیں،سرکاری افسران اور مشینری لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کےلئے متحرک اور فعال ہیں،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں یکساں مواقع اور وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں ان اضلاع میں سکولوں کی اپ گریڈیشن، سیوریج کے میگا پراجیکٹ اور صحت کے حوالے سے ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے جا رہے ہیں اور حقیقی تبدیلی کےلئے پائیدار اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں