13

وزیراعظم اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ، پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کو ٹیلی فون کیا اور پولیو کے خاتمہ کی کوششوں اور پاکستان میں غذائیت اور مالی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے فاؤنڈیشن کے تعاون پر گفتگو کی،وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی مسلسل پیش رفت سے آگاہ کیا اور بی ایم جی ایف کی جانب سے فراہم معاونت کو سراہا،انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال وائلڈ پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے اور وائلڈ پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونے کافی حد تک کم ہوئے ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ مثبت پیش رفت کے باوجود مقصد کے حصول کے لئے اب بھی کام جاری ہے،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک میں ہر قسم کے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، بل گیٹس نے وزیراعظم کے عزم کی تعریف کی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں پولیو پروگرام کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پاکستان میں کسی بچہ کو پولیو وائرس کا خطرہ نہ ہو،بل گیٹس نے وزیر اعظم کی قیادت میں اگست میں پولیو کے زیادہ خطرے والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ بلائے گئے،اجلاس کے ضمن میں مثبت کوششوں اور اس کے اثرات کو سراہا،وزیر اعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جو پاکستان کے ساتھ پولیو کا شکار دنیا کا دوسرا ملک ہے،انہوں نے اس بیماری کے خاتمے کے لئے افغانستان میں پولیو کی مہمات دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت اور پولیو کے انسداد کے لئے پاکستان کی حالیہ کامیابی کی حفاظت پر تبادلہ خیال کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور اسے مالی امداد کی اشد ضرورت ہے،انہوں نے بل گیٹس سے درخواست کی کہ وہ افغان عوام کو انسانی ہمدردی کی بیناد پر امداد فراہم کرنے پر غور کریں۔بل گیٹس نے وزیر اعظم کو پاکستان میں کووڈ۔ 19 ویکسین کی تیاری پر مبارکباد دی اور فاؤنڈیشن کی طرف سے احساس پروگرام سمیت حکومت کے زیر اہتمام پروگراموں کی مسلسل حمایت کا ذکر کیا جو غربت کو کم کرنے اور ”کارانداز” کے ذریعے قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے شاندار پیش رفت کررہے ہیں،بل گیٹس نے پاکستانیوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے مسلسل تعاون کی پیشکش کی،وزیراعظم نے بل گیٹس کا پاکستان کے ساتھ فاؤنڈیشن کی قابل قدر شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں