14

وزیراعظم عمران خان کی صورت میں قوم کو امید کی کرن نظر آئی،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

ملتان(سٹاف رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے میں قبضہ مافیا کیخلاف موثر اقدامات کئے ہیں اور معاشرے کو یرغمال بنانے والے اٹھائی گیر اور غنڈہ گرد عناصر کیخلاف تابڑ توڑ کارروائیاں کرکے انہیں قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی سرپرستی میں قبضہ مافیا پنجاب میں اداروں سے بھی زیادہ طاقتور ہوگیا تھا اور شریف خاندان نے مافیا کیساتھ ملکر قوم کا خون چوسا،انہوں نے کہا کہ ان مافیاز نے ملکر اپنا حصہ بقدر جثہ وصول کیا اور شریف خاندان نے باقاعدہ منصوبہ بندی سے قبضہ مافیا کو صوبے میں پروان چڑھایا،جو ہر الیکشن میں دھونس اور غنڈہ گردی سے ن لیگ کی جیت کا ضامن بنتا تھا،انہوں نے کہا کہ شہر شہر گائوں گائوں شریف خاندان اور انکے حواریوں نے من مرضی سے قبضے کئے،سرکاری زمینوں اور اثاثوں کو شریف خاندان اور انکے حواریوں نے مال مفت دل بے رحم کی طرح لوٹا،عمران خان کی صورت میں قوم کو امید کی کرن نظر آئی،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سیاست کا محور ہی قوم کو مافیاز سے نجات دلانا ہے، رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بلاتفریق قبضہ مافیا کیخلاف شکنجہ کسا،بزدار حکومت نے صوبے میں ایسے بت بھی توڑے جو اپنی ذات میں خدا بنے بیٹھے تھے،سب مافیاز کے چراغ بجھیں گے یہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا اولین مشن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں