39

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے کویتی ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح کی ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےانطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر ہفتہ کوکویت کے اپنے ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین دیرپا اسٹریٹیجک شراکت کاری کیلئے جامع پلان مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو مشترک عقیدے اور اقدار کے گہرے بندھن پر استوار ہیں۔کویت میں مقیم پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے ویزوں پر عائد پابندیوں میں پاکستانیوں کیلئے نرمی برتنے پر کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان، فوڈ سیکورٹی کے شعبے میں کویت کی معاونت کرنے کیلئے تیار ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ءکویت کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں