12

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مستقبل میں بھی صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھے گی،جاوید اختر انصاری کا تقریب سے خطاب

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے کوآرڈنیٹر حاجی جاویداختر انصاری ایم پی اے نے کہا ہے کہ شہر کے تمام پارلیمنٹیرین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مضبوط بنانے اور اس کے انفرا سٹرکچر اور افرادی قوت میں اضافہ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے،انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع شہر میں صفائی کے مثالی انتظامات پر کمپنی ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ کمپنی کی پوری ٹیم اور ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر شہر اولیاءکے باسیوں کے اعتماد پر پورا اترے ہیں،وہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز کے اعزاز میں قلعہ کہنہ قاسم باغ کے سبزہ زار میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کررہے تھے،تقریب میں کمپنی کے سیکڑوں ورکرز اور ڈرائیورز نے شرکت کی،ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر، کمپنی منیجرز داود مکی،آصف شبیر،فہیم خان لودھی، عمران خان،حسن امجد، ڈپٹی منیجرز انوارلحق، عثمان خورشید،حبیب اللہ ظفر، بلال بھٹہ، عمر فاروق، احسن،اسد خورشید اور تمام سیکٹرز کے انچارج،میونسپل ایمپلائز ورکرز یونین کے سرپرست منیر ہانس اور سیکرٹری جنرل سمیع اللہ بھی موجود تھے،حاجی جاویداختر انصاری نے توقع کا اظہار کیا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مستقبل میں بھی صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھے گی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمپنی ورکرز کو عید بونس کی ادائیگی 4 اگست تک انکے بنک اکاونٹ کے ذریعے کردی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز ہمارے ہیرو ہیں،ملتان شہر کی صفائی اور خوبصورتی میں کمپنی ورکرز نے ہمیشہ اول دستے کا کردار ادا کیا ہے،ورکرز نے عید کے تین ایام میں ملتان شہر کو زیرو ویسٹ کر دیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ملنے والی سالانہ گرانٹ میں 33 فیصد اضافہ کر دیا ہے،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر نے کہا کہ فخرالاسلام ڈوگر ایک بہترین ٹیم کیپٹن ہیں،انہوں نے کمپنی میں نئی روح پھونک دی ہے،انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں کمپنی نے محدود افرادی کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ملتان شہر کی بہترین صفائی کے لئے آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی کو مزید2 ہزار ورکرز بھرتی کرنے کی ضرورت ہے۔مونسپل ایمپلائز ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل سمیع اللہ خان نے خوبصورت تقریب پذیرائی کے انعقاد پر کمپنی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمپنی کےایم ڈی نے ملتان کے باسیوں کے ساتھ ساتھ ورکرز کے دل بھی جیت لئے ہیں، فخرالاسلام ڈوگر نے ورکرز کو عزت دی ہے،ورکرز شہر کو صاف ستھرا بنانے اور کمپنی کے وقار میں اضافہ کرنے کے لِے اپنی تمام صلاحیتوں اور توانائی کو بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کمپنی کی طرف سے ورکرز کو بونس دینے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔منیجر آپریشنز داود مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پلان پر عمل کرنے میں ورکرز اور ڈرائیورز نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ عیدالاضحیٰ سے پہلے کمپنی اپنی گاڑیاں خریدلے گی اور کرائے پر گاڑیاں حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی،تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ورکرز کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں