3

ٕویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی گاڑیوں پر مشتمل فلیگ مارچ ،فخرالاسلام ڈوگر نے ڈمپر میں بیٹھ کر فلیگ مارچ کی قیادت کی


ملتان(سٹاف رپورٹر)ایم ڈی ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں منظم آپریشنل پلان تیار کیا گیا ہے، رینٹل مشینری حاصل کر لی گئی ہے اور تمام ضروری اشیاء کی پروکیورمنٹ مکمل کرلی گئی ہے،وہ عید پلان بارے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے،انہوں نے کہا کہ اس عید پرگزشتہ سال کے مقابلے میں صفائی کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں،عیدالاضحیٰ کے تینوں ایام میں شہر سے15 ہزار ٹن آلائشیں اٹھانے کا ٹارگٹ مقررہ کیا گیا ہے،رینٹل مشینری کو ویسٹ،کچرا اور ملبہ اٹھانے کے لئے بھی استعمال کئے جائے گا، فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ بہترین مانیٹرنگ اور کنٹرول کے لئے شہر کو14سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور عید صفائی آپریشن روزانہ آخری آلائش تلف کرنے تک جاری رہے گا،کمپنی کا کنٹرول روم فعال کردیا گیا ہے،شہری صفائی بارے1139 پر بھی کال کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خوش گوار اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لئے عرق گلاب ایسنس، فینائل اور لائم کے انتظامات کئے گئے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ کمپنی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے،کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ فلضہ ممتاز،ڈاکٹر اللہ بخش، جاوید اقبال اور محمد انیس خواجہ کمپنی کے نئے ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔اسی طرح کمپنی سیکرٹری، منیجر پروکیورمنٹ اور منیجر ورکشاپ کی خالی آسامیوں پر تعیناتیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم سی کو مکمل کمپنی موڈ میں لایا جائے گا، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تکمیل سے کمپنی کی ترقی اور شہر کی صفائی کے حوالے سے بہتر فیصلے ہو سکیں گے۔انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو پلاسٹک بیگ میں ڈال کر کمپنی ورکرز کے حوالے کریں اور گھروں میں موجود ہماری بہنیں اور بیٹیاں مرد حضرات کو آلائشیں کمپنی ورکرز کے حوالے کرنے کی ترغیب دیں۔فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہے کہ شہر اولیاء ہم سب کا سانجھا ہے،ہم نے مل کر اس کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانا ہے۔انہوں نے شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے کمپنی انتظامیہ اور ورکرز کی کاوشوں کو عوام تک پہچانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے کمپنی کی گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ مارچ منعقد ہوا۔ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے ڈمپر میں بیٹھ کر فلیٹ مارچ کی قیادت کی،منیجر آپریشنز داود مکی ،میونسپل ایمپلائز ورکرز ویلفئیر یونین کے سیکرٹری جنرل سمیع اللہ،ڈپٹی منیجرز انوارالحق، حبیب اللہ ظفر اور بلال بھٹہ بھی انکے ہمراہ تھے۔فلیٹ مارچ گھنٹہ گھر،ڈیرہ اڈا،وہاڑی چوک اور چوک کمہارانوالہ کے راستے چونگی نمبر9 پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلیٹ مارچ کا مقصد شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے لئے ایم ڈبلیو ایم سی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ فلیٹ مارچ سے ہمارے ورکرز کے اندر بھی ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے اورعید پلان کا ٹاسک نبھانے کے لئے ہمارے ورکرز تازہ دم ہیں۔فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہر کرکے شہریوں کے دل جیتے گی،دوسری طرف میونسپل ایمپلائز ورکرز ویلفئیر یونین نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر سے یونین کے سیکرٹری جنرل سمیع اللہ نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے لئے تشکیل دئے گئے پلان پر عمل کرنے کے لئے ورکرز کمپنی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ورکرز 12 گھنٹے فیلڈ میں کام کرکے کمپنی کے وقار میں اضافہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ ملتان ہمارا شہر ہے ،اسے صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، سمیع اللہ نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے مشکور ہیں۔ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے سینٹری ورکرز ہمارے ہیرو ہیں،شہر کی صفائی ستھرائی ورکرز کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کا حل ہماری قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے،گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کمپنی نے ورکرز کے تمام بقایات،واجبات ادا کر دئے ہیں،ترقیاں دی گئی ہیں اور ورکرز کو نئے عہدے اور پہچان دی گئی ہے، ایم ڈی نے کہا کہ ان کے آفس میں ورکرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک بھی درخواست پینڈنگ نہیں ہے،فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے انکے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں