13

پولیس افسران اپنے دفاتر میں سائلین کی رسائی کو یقینی بنائیں،آر پی او خرم علی

ملتان(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ پولیس افسران اپنے دفاتر میں سائلین کی رسائی کو یقینی بنائیں اور قانون کے مطابق لوگوں کو انصاف فراہم کریں،یہ بات انہوں نے اپنے کمیٹی روم میں ملتان ریجن کے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اجلاس میں سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ،ڈی پی او وہاڑی امیر عبداللہ نیازی،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم،ڈی پی او لودھراں عبدالرؤف بابر قیصرانی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحیم، پرسنل سٹاف آ فیسر محمد یوسف بھٹی اور دیگر افسران شریک تھے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں اور سوشل میڈیا پر منفی رویوں کو اجاگر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا کہ سائنسی ترقی کی بدولت سماجی رابطوں کو نئی جہتیں ملی ہیں تاہم اس بارے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ضابطہ اخلاق کا فقدان ہے اور لوگوں کو سماجی رابطوں کے جدید نظام کے استعمال کا شعور نہیں اور بعض لوگ ذاتی انا اور دشمنی کے قانون شکن معاملات کو سوشل میڈیا کی زینت بنا کر معاشرے میں بے سکونی کا باعث بن رہے ہیں،اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ سماجی رابطوں کے جدید نظام کے مثبت استعمال بارے لوگوں میں شعور اجاگر کیا جائے اور سوشل میڈیا کی منفی استعمال کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے،ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ پولیس افسران جرائم کی بیخ کنی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں اور لوگوں کی جان و مال عزت آبرو کو تحفظ دیں منشیات فروشی،قماربازی کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں