9

پولیس سے 18گھنٹے مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار، تیسرا فرار

کوٹ ادو،موٹر سائیکل چھیننے میں ناکامی پرشہری کو قتل کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین ہونے والے 18گھنٹے کے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا،گرفتار ڈاکو کاعدالت سے 5 روز کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا،ڈاکووں کا تیسراساتھی تاحال فرار،کئی گھنٹے کے تعاقب کے بعد بھی گرفتار نہ ہو سکا،مزید 2ڈاکوؤں کی ہلاکت کی بھی افواہ،پولیس کچھ بتانے سے گریزاں،تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقہ پل دیوان والی پر گزشتہ سے پیوستہ شب 12بجے رات تین مسلح ڈاکوؤں نے ارشاد چانڈیہ نامی شخص سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی تھی کہ راہ گیروں کے آنے پر ڈاکونور شاہ کی جانب فرار ہو گئے تھے جس پر ارشاد چانڈیہ نے پل 64پر اہل علاقہ کو موبائل فون پر ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے کال کی تھی جوہی ڈاکو پل 64پر پہنچے تھے تو اہل علاقہ نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تھی، ڈاکوؤں نے لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے نتیجے میں اقبال چانڈیہ نامی شخص شدید زخمی ہو گیاتھا،جس کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا،جس کی حالت تاحال تشویشناک ہے، اہل علاقہ کے تعاقب پر ڈاکو فصل کماد میں داخل ہوگئے، 15کی کال پر ایس ایچ او سٹی کوٹ ادو عصمت عباس پولیس کی نفری کے ہمراہ بھی موقع پر پہنچ گیاتھا،اہل علاقہ اور پولیس نے کماد کو گھیرے میں لے لیا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی تھی،فائرنگ کے نتیجہ میں افضل چانڈیہ نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگیاتھا،رات گئے فائرنگ کے نتیجہ میں پولیس نے ایک ڈاکو وسیم بلوچ جس کا تعلق جھنگ سے تھا کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،جبکہ مقابلہ میں ڈاکوؤں کا ایک ساتھی محمد عرفان سیال جس کا تعلق چوک سرور شہید سے تھا ہلاک ہو گیا،ڈاکوؤں کا تیسرا ساتھی مدثر جو کہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد سے نکل کر فرار ہوا تھا،سرکل بھر کی نفری نے ان کا تعاقب کیا اور تھانہ چوک سرور شہید کے علاقہ میں 18 گھنٹے کے مسلسل تعاقب کے بعد فرار ہونے والاڈاکو گرفتار نہ ہوسکا،دوسری طرف مزید 2ڈاکوؤں کی ہلاکت کی بھی افواہ ہے جبکہ پولیس نے کئی مشکوک افراد بھی گرفتار کر لیے،دوسری طرف سٹی پولیس کوٹ ادو نے گرفتار ڈاکو وسیم بلوچ کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرکے اس کا 5روزہ ریمانڈ حاصل کر کے اس سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے،پولیس سٹی کوٹ ادو نے تینوں ڈاکوؤں کے وقوعہ کے عینی شاہد ظفر اقبال چانڈیہ کی مدعیت میں ان کے خلاف اور ڈکیتی اور دوران ڈکیتی قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 582/21زیر دفعہ 396/397کے تحت درج کرلیا،دوسری طرف آر پی او ڈیرہ غازیخان فیصل رانا مبینہ پولیس مقابلے کی اطلاع پر تھانہ چوک سرور شہید پہنچ گئے جہاں انہوں نے ڈاکوؤں کے ایک ساتھی کو زندہ حالت میں گرفتار کرنے پر ایس ڈی پی او کوٹ ادو اللہ یارسیفی، ایس ایچ اوسٹی کوٹ ادو عصمت عباس ایس ایچ او چوک سرور شہید خرم ریاض کھر، ایس ایچ او تھانہ صدر کوٹ ادو کو شاباش دی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں