14

ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس،ڈپٹی کمشنر کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین بارے طریقہ کار تبدیل کرنے کا عندیہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین بارے طریقہ کار تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے،ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی پرچون قیمتوں کے تعین کے لئے ہول سیل نرخ کو مدنظر رکھ کر منافع کی شرح مقرر کی جائے اور ہر ماہ کی یکم اور پندرہ تاریخ کو مقررہ شرح کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی ریٹ لسٹ جاری کی جائے،پرائس لسٹ بارے ہول سیل اور پرچون فروش تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے،انہوں نے کہا ہے کہ دوسرے اضلاع میں اشیاءضروریہ کی قیمتوں کے تقابلی جائزے کے ذریعے نرخوں کے تعین سےصارفین کو فائدہ نہیں پہنچتا،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کے نرخوں کے حوالے سے مصنوعی مہنگائی کا سخت نوٹس لیا ہے،تمام دکاندار شاپس پر ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں،مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جارہی ہے،اور ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جارہا ہے،ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کے نئے نرخوں کا تعین کر دیا گیا ہے اور 14 اشیائے ضروریہ کے نرخ کم کردئے گئے ہیں، دالوں،سوجی،میدہ اور چاول کچی و پکی باسمتی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے،تفصیل کے مطابق دال مسور موٹی 126روپے اوردال مونگ دھلی کا نرخ 128روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا،دال چنا باریک 113 روپےاوردال چنا موٹی116 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو گی،دال ماش موٹی 203روپے اور دال ماش دھلی باریک190 روپے فی کلو میں سیل ہو گی،چنا سفید باریک 127 روپے اور چنا سفید موٹا کا ریٹ142روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔نیا چاول باسمتی کرنل کچی 118روپے اور چاول باسمتی کرنل پکی 120روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہو گا۔چاول اری سکس 56روپے، سوجی66 روپے، میدہ66 روپے اور بیسن118روپے فی کلو میں فروخت ہو گا۔100 گرام وزن کی تندوری روٹی کا نرخ7 روپے مقرر کیا گیا ہے۔100گرام سادہ نان 10 روپے اور120 گرام روغنی نان15 روپے میں فروخت کیا جائے گا،دودھ کچا کھلا 75 روپے لٹر اور دہی کا نرخ 85 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح بڑا گوشت450 روپے کلو اور چھوٹا گوشت 850روپے کلو میں فروخت ہو گا۔پھل اور سبزیاں مارکیٹ کمیٹی کے روزانہ مقرر کردہ نرخ پر فروخت ہونگی۔پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ریونیو محمد طیب خان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود،ہول سیل ڈیلر فیصل شفیق پرچون فروش یونین کے صدر آفاق انصاری، صارفین کے نمائندوں، ڈسٹرکٹ آفیسر پرائسس طارق ولی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم اور ڈی ایف سی احمد جاوید،ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی افتخارلحسن نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں