15

ڈویژنل انتظامیہ کا سبزی منڈی کا دورہ،اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین اورنیلامی کا معائنہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے،اس سلسلے میں منڈیوں اور عام مارکیٹ میں سپلائی چین اور ریٹس کے میکنزم کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر مہنگائی کو ہوا دینے والے بڑے آڑھتیوں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کے ہمراہ سبزی منڈی کے اچانک دورے کے موقع پر کیا،اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین اور بولی چیک کی،کمشنر نے ٹماٹر،پیاز،آلو اور فروٹس کی سپلائی کا بھی جائزہ لیا اور مارکیٹ کمیٹی کو انکی طلب و رسد کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی،کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کمیشن مافیا کے برے دن آگئے ہیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو سخت قدم اٹھانا پڑا بلاجھجک اٹھائیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنے کا ٹاسک دیا ہے اس مقصد کے حصول کیلئے منڈی سے عام مارکیٹ تک ریٹس میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہونے دینگے،کمشنر کا کہنا تھا کہ چکن سمیت تمام اشیاءضروریہ سرکاری ریٹس پر دستیابی کیلئے اقدامات جاری ہیں،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے اس موقع پر کہا کہ بڑے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے نیٹ ورک کو ٹریس کرلیا ہے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی افسران مربوط پالیسی کے تحت پرائس میکنزم کو متوازی کررہے ہیں تاکہ مہنگائی میں یک طرفہ اضافہ نہ ہو،عامر کریم خان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہول سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں،جہاں اعلی معیار کی اشیائے خوردونوش ارزاں نرخ پر دستیاب ہیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈی میں ہر شہری آزادانہ بولی کے ذریعے سستے ریٹس سے مستفید ہوسکتاہے،اس موقع پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز معنیس کی جانب سے بریفننگ بھی دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں