6

ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام کے سلسلے میں مربوط انتظامات کیلئے تیاریاں شروع

ملتان،ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے موقع پر مربوط انتظامات کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کی صدارت میں محرم الحرام کے حوالے سے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ضلع ملتان کے تمام لائسنسداران نے شرکت کی،لائسنس داران کی قیادت اصغر حسین نقوی، خاور حسنین بھٹہ اور مزین عباس چاون نے کی،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام انتہائی عقیدت اور احترام سے منانے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جائیں گے اور لائسنسداران کی نشاندہی پر عزاداری کے روٹس پر تعمیر و مرمت کا تمام کام یکم محرم سے قبل مکمل کر لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر انتظامات مثالی بنانے کے لئے انتظامیہ سے جلوسوں کے منتظمین کا تعاون بہت ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران کو سڑکوں کی مرمت کے لئے فوری ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سڑکوں کے پیچ ورک اور سٹریٹ لائٹس میں تاخیر بالکل برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے واسا حکام کو شہر میں جاری سیوریج لائنوں کی مرمت کے کام کو جنگی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم دیا۔سی پی او منیر مسعود مارتھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں،اجلاس میں لائسنس داران نے جلوسوں کے روٹس پر مسائل کی نشاندہی کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی، اسسٹنٹ کمشنرز خواجہ عمیر محمود،عدنان بدر،سی ایس او شبانہ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، واسا،ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، محکمہ صحت،تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں