18

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کا جلالپور پیروالا کا دورہ،لینڈ ریکارڈ سنٹر پر آگاہی بینرز اور کائونٹر بڑھانے کی ہدایت


ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق جلالپور پیر والہ اور شجاع آباد کو ترقیاتی منصوبوں میں ترجیح دی جائے گی،تاکہ ان پسماندہ تحصیلوں کا انفراسٹرکچر بہتر کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والہ میں صحت و تعلیم کی مثالی سہولیات کی فراہمی سمیت ریونیو سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنا بھی مشن ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلالپور پیر والہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ مدثر ممتاز بھی انکے ہمراہ تھے،ڈپٹی کمشنر نے لینڈ ریکارڈ سنٹر جلالپور پیر والہ، دیہی مرکز مال اور ٹی ایچ کیو ہسپتال سمیت جلالپور پبلک سکول کے ہنگامی دورے بھی کئے اور سہولیات کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے لینڈ ریکارڈ سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل بھی سنے اور احکامات جاری کئے،

ڈپٹی کمشنر نے لینڈ ریکارڈ سنٹر پر آگاہی بینرز اور کائونٹر بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے دیہی مراکز مال کا منصوبہ دیا ہے،جس سے عوام کو انکی دہلیز پر ریلیف ملنے کا آغاز ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ریونیو شکایات کے ازالے کیلئے لینڈ ریکارڈ سنٹرز کو مثالی بنایا ہے جہاں جدید آن لائن سسٹم کے ذریعے روایتی پٹوار سسٹم کا خاتمہ کیا گیا ہے،عامر کریم خاں کا مزید کہنا تھا کہ دیہی مرکز مال کی ایک چھت تلے تمام لینڈ ریکارڈ کی سہولیات دی گئی ہیں،اسں موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ مدثر ممتاز نے بریفنگ بھی دی،قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ضلعی افسران کے ہمراہ جلالپور ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر نے کرونا ویکسین سنٹر پر شہریوں کو فراہم سہولیات کا جائزہ بھی لیا اور انکے مسائل دریافت کئے،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں تعینات ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو مزید سہولیات دینگے،تاکہ انکی کارکردگی میں اضافہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلالپور پیر والہ میں ٹراما سنٹر فعال کرنے کے اقدامات کررہے ہیں،جبکہ گائنی،ایمرجنسی سروسز سمیت تمام طبی سہولیات میسر ہیں۔بعد ازاںڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے ہسپتال کے لان میں پودا بھی لگایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں