12

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کا عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل شجاع آباد کا دورہ،انتظامات کا معائنہ


ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل شجاع آباد کا دورہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران دیہی مرکز مال سکندر آباد،بنیادی مرکز صحت سکندر آباد،تحصیل ہسپتال شجاع آباد اور گورنمنٹ ہائی سکول شجاع آباد کے ہنگامی دورے کئے اور انتظامات کا معائنہ کیا،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر بھی انکے ہمراہ تھے،ڈپٹی کمشنر نے دیہی مرکز مال اور اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورے کے موقع پر جدید آن لائن سسٹم کے تحت اراضی انتقلات کا جائزہ لیا اور شہریوں سے ملاقات کی،ڈپٹی کمشنر نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات بھی کی اور انکی ریونیو سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دیہی مرکز مال حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کررہے ہیں،روایتی پٹواری کلچر کے خاتمے میں دیہی مرکز مال بنیادی کردار ادا کرینگے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام اپنی دہلیز پر ایک چھت تلے اراضی سے متعلقہ تمام سروسز حاصل کررہے ہیں،بعد ازاںعامر کریم خان نے سکندر آباد میں بنیادی مرکز صحت کی انسپکشن کی،ڈپٹی کمشنر نے فارمیسی اور سٹور سمیت ایمرجنسی روم چیک کیا،ڈپٹی کمشنر نے عوام کو بلامعاوضہ ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹر کے حوالے سے بھرپور آگاہی دی جائے،تاکہ شہریوں کو کرونا سے بچایا جاسکے،انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت پر گائنی سمیت تمام ضروری صحت کی سہولیات مہیا ہیں،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز کو مراعات دینگے،عامر کریم خان نے اپنے دورے کے دوران بنیادی مرکز صحت پر صفائی کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت بھی کی،دریں اثنا ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان دورہ شجاع آباد کے دوران تحصیل ہسپتال اور گورنمنٹ ہائی سکول شجاع آباد کا بھی معائنہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج و معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر نے اس موقع پر بریفننگ دی،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اس مقصد کیلئے سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالیں گے۔ضلع کے تمام ہسپتالوں میں گائنی،ایمرجنسی اور ڈائیلسز سمیت تمام سہولیات مثالی ہونی چائیں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ شجاع آباد میں ہیپاٹائٹس سنٹر کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول شجاع آباد کے دورے کے دوران کلاس رومز کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ایجوکیشن کو سکول کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے ڈیڈ لائن بھی جاری کی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں سے ایم این اے قاسم نون اور ایم این اے ابرہیم خان نے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں