17

ڈپٹی کمشنر عامر کریم کا پی پی 212 کا دورہ،ایم پی اے سلیم لابر کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں ترقی کے سفر کو تیز کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی انسپکشن کا آغاز کردیا گیا ہے،تمام اراکین اسمبلی کے حلقوں کا مرحلہ وار دورہ کرکے رواں مالی سال کی سکیموں کا جائزہ لیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی تعمیر نو کے محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے الٹی میٹم دے دیا ہے کسی صورت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ سرخ فیتہ کی نظر ہونے نہیں دینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی محکموں کے ہمراہ ایم پی اے سلیم لابر کے حلقے کا دورہ کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایم پی اے حلقہ 212 سلیم لابر نے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مسائل بیان کئے،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے واسا اور روڈز کی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کی سکیموں میں شفافیت اور میعار یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف دیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ ضلعی محکموں کو رواں مالی تمام منصوبوں کی تکمیل کا ٹاسک دیا ہے تاکہ حکومت پنجاب کے دیے ہوئے اہداف پورے کئے جاسکیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا سکیموں کی تکمیل کے بعد سڑکوں کو فوری بحال کرے،مرحلہ وار تمام حلقوں کا دورہ کرکے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا،اس موقع پر ایم پی اے سلیم لابر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار سے مطمئن ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس شہر کی ترقی کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں جن کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں