2

ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن پر ہونا چاہئے،کمشنر ملتان کا اجلاس سے خطاب

ملتان(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی مہم کی کامیابی بارے لائحہ عمل تیار کرلیا،کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنرز ،محکمہ صحت کو انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کا ٹاسک سونپ دیا،انہوں نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے،ڈینگی کنٹرول ٹیمیں فیلڈ میں نظر آئیں،رپورٹنگ میں جعلسازی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن پر ہونا چاہئے،جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف سرگرمیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے،ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن میں ڈینگی کنٹرول اقدامات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان، اسسٹنٹ کمشنر بابر سلیمان جبکہ ویڈیو لنک پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی تمام ہاوسنگ کالونیوں کی تفصیلی سویپنگ یقینی بنائے گی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوڑا کرکٹ تلف کرنے کا مناسب انتظام کرے،جبکہ واسا پانی لیکج مقامات کی مرمت یقینی بنائے،محکمہ صحت کی ٹیمیں گھروں،ٹائر شاپس اور قبرستانوں کے چپے چپے پر سرویلنس کریں اورڈینگی لاروے کی افزائش کا موجب سروس سٹیشن سمیت تمام مقامات فوری سیل کریں گی،انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے مختلف وائرل، موسمی بیماریوں کا کلینڈر تیار کیا جائے،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہدایت کی کہ چاروں اضلاع اور تمام تحصیلوں میں سوشل میڈیا آگاہی مہم چلائی جائے،پارکوں،تالابوں سمیت تمام عوامی مقامات پر خصوصی صفائی مھم چلائی جائے گی،تمام اضلاع میں آگاہی بینر نصب کیے جائیں،انہوں نے اپیل کی کہ علما کرام جمعہ کے خطبات میں ڈینگی کیخلاف شعور اجاگر کریں،انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں اور ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں