14

ڈی جی ایم ڈی اے قیصر سلیم کا ملتان میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ،میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی بلڈنگ کو 31 دسمبر تک مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن


ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے ملتان شہر میں ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے مختلف مقامات کا ہنگامی دورہ کیا،ڈائریکٹر جنرل نے چونگی نمبر 9 میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی بلڈنگ، سیداں والا بائی پاس چوک کے توسیعی منصوبہ اور مدنی چوک فلائی اوور پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کو چیک کیا اور موقع پر بریفنگ لی،انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول بلڈنگ کی بریفنگ کے دوران کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ معیاراور کوالٹی کو برقرار رکھتے ہوئے لیبر کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ کام کی سپیڈ کو تیز کیا جائے اوراس پراجیکٹ کو 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے،ڈائریکٹر جنرل نے ڈائریکٹر انجینئرنگ ایم ڈی اے غلام نبی کو ہدایت کی کہ کنٹریکٹر کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد کی جائے، سیداں والا بائی پاس چوک کے توسیعی منصوبہ کی بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ایکوائر شدہ تمام رقبہ پر ناجائز قبضہ ختم کرا کے چوک کی کشادگی میں لایا جائے،چوک کے ارد گرد تعمیر شدہ کمرشل پوائنٹس کی پارکنگ کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے،ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کی مدد لی جائے،ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے،مدنی چوک فلائی اوور سائٹ کے وزٹ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ڈائریکٹر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ مدنی چوک کے اوپر سے گزرنے والی واپڈا کی ٹرانسمیشن لائن کوشفٹ کرنے کے لئے کام کو تیز کر وایا جائے، سیوریج لائن ڈالنے کی سپیڈ کو تیز کیا جائے۔ مدنی چوک فلائی اوور ایک بڑا پراجیکٹ ہے اس پراجیکٹ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نے ٹھیکہ دار کو مدنی چوک فلائی اوور کا کام 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،آپ کے جو جو مسائل بھی ہیں ان کو حل کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ایم ڈی اے کے مختلف کنٹرولڈ روڈز کا وزٹ کیا اور ان روڈز پر موجود انکروجمنٹ کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات بھی جارے کئے۔جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے وزٹ اور بریفنگ میں ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ چوہدری محمد اصغر، ڈائریکٹر انجینئرنگ غلام نبی، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمن اور تمام متعلقہ ایکسین موقعہ پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں