10

کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی وزیراعظم عمران خان کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام کے حقوق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی وزیراعظم عمران خان کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے، وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،بیرسٹر سلطان محمود نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اپنے حالیہ دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا،چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی سمیت سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، میرپور منگلا روڈ عنقریب مکمل ہونے والی ہے جس سے دینہ سے میرپور تک کے سفر میں درپیش حائل مشکلات کا خاتمہ ہوگا، للہ سے جہلم تک دو رویہ سڑک کو براستہ منگلہ آزاد کشمیر سے ملانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس سے کشمیر کے ساتھ مواصلاتی روابط کا ایک نیا دور شروع ہوگا،اس منصوبے سے کشمیر سے اسلام آباد تک سفر ایک گھنٹے پر محیط ہونے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں سیاحت کی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا،وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی وی کی باقاعدہ نشریات کا آغاز کر کے کشمیری عوام کی آواز دنیا بھر میں پیش کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا،صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے وفاقی وزیر اطلاعات کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور بھارت کے 5 اگست کے اقدام سمیت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی ظلم وستم پر تفصیلی بات ہوئی،بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں آواز بلند کی جائے گی،دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں