12

کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں ملتان میں7 لاکھ 74 ہزار پودے لگائے جائیں گے،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر محمد افضل

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (توسیع) چودھری محمد افضل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے سلسلے میں ملتان میں یکم اگست سے 31 اگست تک 7 لاکھ 74 ہزار پودے مختلف مقامات پر لگائے جائیں گے، اس حوالے سے سول سوسائٹی کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے، عوام الناس کو چاہئے کہ وہ بھی شجرکاری کی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی فورم ملتان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا،جبکہ وفد میں چیئرمین دارالامان شاہد محمود انصاری، چیئرمین شعور ترقیاتی تنظیم ڈاکٹر ہمایوں شہزاد، سٹی صدر پی ٹی آئی وومن ونگ و چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو آصفہ سلیم ملک، جنرل سیکرٹری سول سوسائٹی فورم چودھری منصور احمد، جنرل سیکرٹری شعور ترقیاتی تنظیم امیر نواز ملک، جوائنٹ سیکرٹری سول سوسائٹی فورم میاں وقاص فرید قریشی، فہمیدہ کبیر، سائرہ زیدی شامل تھے، سول سوسائٹی فورم ملتان کی جانب سے شاہد محمود انصاری، ڈاکٹر ہمایوں شہزاد اور آصفہ سلیم ملک نے بتایا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے شجرکاری بہت بڑا ذریعہ ہے، ہم بطور سول سوسائٹی ملک بھر میں شروع ہونیوالی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں گے تاکہ شجرکاری کے حوالے سے رجحانات میں اضافہ ہوسکے اور ماحولیات سے وابستہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ درخت عطیہ خداوندی ہیں آئیے ہم سب مل کر اس مہم میں حصہ لیں۔ اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر چودھری محمد افضل نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری سول سوسائٹی اس بات کا شعور رکھتی ہے کہ ہمارے معاشرے اور ملک کیلئے شجرکاری کی اہمیت کیوں ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات (توسیع) کی جانب سے ماہ اگست میں 7 لاکھ 74 ہزار پودے پلانٹ کئے جائیں گے اور وزیر اعظم پاکستان کے شجرکاری کے مشن کو آگے بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پورے مہینے میں جامعہ پلاننگ کے تحت شجرکاری کریں گے اور اس میں عوام الناس، منتخب نمائندوں و سول سوسائٹی کو برابر شریک کیا جائے گا۔ اس موقع پر تحصیل فاریسٹ آفیسر (توسیع) رفیق ممتاز نے بھی اظہار خیال کیا اور شجرکاری مہم کے تفصیلی شیڈول کے بارے میں بھی وفد کو آگاہ کیا بعد ازاں وفد نے فاریسٹ افسران کو ماضی و حال ہی بہترین شجرکاری مہم میں جدوجہد پر سلام پیش کیا اور گلدستہ بطور تہنیت بھی پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں