7

کمشنرملتان کا جمع بندیوں میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنے میں تاخیر پر اظہار برہمی

ملتان(راو نعمان سے)حکومت پنجاب نے رجسٹر حقداران زمین عمل میں انقلابی تبدیلی لانے کے احکامات جاری کر دئیے،محکمہ ریونیو میں اصلاحات کیلئے ملتان ڈویژن میں عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا،کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر صدارت ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنر کا اجلاس منعقد ہوا،کمشنر ملتان نے جمع بندیوں میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے عمل میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ تمام جمع بندیوں میں زمین کے مالک کا شناختی کارڈ درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا،کمشنر نے حکم دیا کہ 50 فیصد سے کم کارکردگی والے اسسٹنٹ کمشنرز کو اظہار ناراضگی کا نوٹس جاری کیا جائے جبکہ 30 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والوں کو شوکاز جاری کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ہر فرد کی جائیداد آن لائن ڈکلئیر ہوگی،کمشنر جاوید اختر محمود نے ریونیو ریکوری کے اہداف بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید فعال بنایا جارہا ہے،ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیساتھ نئے بھرتی پٹواریوں کو ٹریننگ کروائ گئ ہے۔جبکہ پٹواریوں کی بھرتی کا عمل شفاف بنایا گیا ہے۔گرداوری نظام کیساتھ نمبرداری نظام کی بحالی محکمہ مال کی بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے وارننگ دی کہ ریکارڈ میں ہیرا پھیرا اور دو نمبری کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔عوام کو ریونیو سروسز انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے دیہی مرکز مال فعال کئے جارہے ہیں۔ افسران حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے محنت کریں۔ اس موقع پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں