7

کمشنر ملتان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول بارے جائزہ اجلاس،گراں فروشوں کیخلاف کارروائی میں تیزی لانے کا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت پرائس کنٹرول بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے،گراں فروشی ذخیرہ اندوزی معاشرے کا ناسور ہے اور اسکا خاتمہ ضروری ہے،کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دکانوں پر اشیائے خوردونوش کے نرخ نامے بینرز واضح آویزاں کئے جائیں،نامساعد حالات میں عوامی مسائل کا فائدہ اٹھانے والے کسی ہمدردی کے مستحق نہیں،انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کام نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز دئے جائیں،ڈی سی ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں 52 گرانفروش گرفتار، 10 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا، 6 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے اور گرانفروشی پر 4 دکانیں سربمہر کی گئیں،ضلع ملتان جرمانے کرنے میں پنجاب بھر میں 5 ویں نمبر پر ہے،ڈی سی وہاڑی مبین الٰہی نے کہا کہ وہاڑی میں 23 گرانفروش گرفتار کئے گئے 9 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا،ستمبر کے پہلے ہفتے میں 4 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے،ڈی سی لودھراں عمران قریشی نے بتایا کہ لودھراں میں 6 ہزار سے زائد چھاپے مار کر 76 گرانفروش گرفتار کئے گئے،ستمبر کے پہلے ہفتے 20 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 5 لاکھ جرمانہ کیا گیا،ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی نے بتایا کہ خانیوال میں 30 دکانیں سربمہر کر کے 30 گرانفروش گرفتار کئے گئے،ستمبر کے پہلے ہفتے میں 13 مقدمات درج اور 9 لاکھ سے زائد جرمانے کئے گئے،اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں