12

12 ویں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد،سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے بارے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،کمشنر ملتان

ملتان(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کے عوام خدمت پروگرام ریونیو عوامی خدمت کچہری کا ایک سال مکمل ہوگیا،پنجاب بھر کی طرح ملتان ڈویژن میں 12 ویں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا،کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان نے عوامی ریونیو خدمت کچہری میں شرکت کی،شہریوں کی شکایات سنی اور حل بارے احکامات دئیے،کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے بارے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،اس مہم میں بھرپور عوامی شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ حکومتی اقدام کو بھرپور پذیرائی ملی ہے،گزشتہ11 کچہریوں میں13430 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 13203 حل کی گئیں،76 درخواستیں عدالتی کیسز،دیگر قانونی پچیدگیوں کی وجہ سے زیر التواءہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اوپن ڈور پالیسی ویژن کے تحت کام کر رہے ہیں،عوام کی کچہری میں شرکت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے،کورونا ویکسی نیشن کا سنٹر بھی ریونیو خدمت کچہری کے باہر قائم کردیا ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ ریونیو معاملات و ریکوری افسران کا بنیادی کام ہے،عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جارہا ہے،لینڈ ریونیو و دیگر سرکاری واجبات کی ریکوری بہتر کی جارہی ہے،افسران عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان، اسسٹنٹ کمشنرخواجہ عمیر ،اسسٹنٹ کمشنر عدنان بدر،سب رجسٹرار جمیل حیدر ، کامران بخاری ،تحصیلدار،قانونگو، پٹواری عملہ لینڈ ریکارڈ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں